فرد قائم ربط ملت سے ہے !!


غیر مکرر الفاظ کا مضمون جس نے دوسری پوزیشن حاصل کی !!!

فرد قائم ربط ملت سے ہے !!
تحریر : صائمہ تسمیر ، ملائشیا

درخت سے ٹوٹے پتے ، ڈور سے کٹی پتنگ کی کوئی منزل نہیں ہُوا کرتی ، ہوا کے دوش پر اِدھر اُدھر بھٹکنا ان کا مقدر  ہے  ، یہ  اصل سے کٹ کر اپنی قیمت گنوا بیٹھتے ہیں  ۔ اسی طرح انسان اپنے مرکز سےدور ہو جائے تو بےوقعت ہوجاتا ہے ۔ انسانی معاشرہ اجتماعیت سے عبارت ہے ۔  تنہا زندگی گزارنا  نا ممکنات میں سے ہے ۔ ایسا کرنے والا بےنام ونشان رہتا ہے ۔

 آم کے پیڑ میں جب پھل لگتے ہیں تو کچھ کیریوں کو گرنے کی اتنی جلدی ہوتی ہے کہ وقت سے پہلے شجر سے ناتا توڑ لیتے ہیں   ، یوں وہ  قدر کھو دیتے ہیں  ، پیروں تلے روندے جاتے ہیں  . اس کے برعکس جو موسم کی سختی برداشت کرتے ہیں  ،ہر طوفان میں ثابت قدم ہوتے ہیں  ،  ہمیشہ شاخ سے  جڑے رہتے ہیں ،  نتیجتاً وہ سوندھی خوشبو سے معطر ، دل فریب رنگ لیے ، رس بھرے اور ذائقے دار بن  کے معزز ٹہرتے ہیں  ۔ انہیں ایسی پذیرائی ملتی ہے کہ کیا بچے ، بوڑھے  ، جوان سب ہی کچے دھاگے سے بندھے چلے آتے ہیں  ۔

 ملت سے مضبوط ربط کا انعام ایسے ملتا ہے کہ چہار سو ان کی مہک پھیلادی جاتی ہے  ۔ اگر ابنِ آدم یہی روش اختیار  کرے ، سردوگرم حالات میں  بنیاد سے لاتعلق نہ ہو تو وہ بھی انمول ہو سکتا ہے ۔

Comments