تبصرہ الرحیق المختوم

 
               (سلسلہ نمبر1)

الرحیق المختوم
عبدالستاراعوان

الرحیق المختوم مولانا صفی الرحمن مبارکپوری کی تصنیف ہے۔اس کتاب کو دنیا بھر میں سیرت النبی پر لکھی کتابوں میں اول انعام یافتہ قرار دیا گیا ۔ 1976 ءمیں رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ نے دنیا بھر کے اہل قلم کو دعوت دی کہ وہ سیرت النبی کے موضوع پر دنیا کی کسی بھی زبان میں مقالات لکھ کر رابطہ کو ارسال کریں ۔ اس عالمی مقابلے میں11سو سے زائد اہل قلم نے حصہ لیا او ردرج ذیل پانچ مصنفین انعامات کے مستحق قرار پائے ۔
 پہلا انعام. الرحیق المختوم(عربی) مولانا صفی الرحمن مبارکپوری۔ انڈیا
 دوسرا انعام.  خاتم النبین (انگریزی)ڈاکٹر ماجد علی خان ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی۔ انڈیا
 تیسراانعام.  پیغمبر اعظم و آخر(اردو)ڈاکٹر نصیر احمد ناصر ۔سابق وی سی جامعہ اسلامیہ بہاولپور۔ پاکستان
 چوتھا انعام . منتقی النقول فی سیرت اعظم رسول(عربی)شیخ حامد محمود۔مصر
پانچواں انعام . سیرة نبی الہدی (عربی)عبدالسلام ہاشم ۔مدینہ منورہ۔
الرحیق المختو م عربی میں لکھی گئی اور اس کا اردو ترجمہ بھی فاضل مصنف نے خود کیا ۔ سیرت نگاروں نے علم و فن کے اعتبارسے الرحیق المختوم کو عصر حاضر کا ایک معیاری نمونہ قرار دیا ۔اس کتاب کودنیا بھرمیں بہت زیادہ مقبولیت ملی اور اس کے کئی ایڈیشن شائع ہو ئے۔
 ممتاز دانش ور پروفیسر عبد الجبار شاکر نے لکھا ہے کہ ” واقعات کے انتخاب ، لوازمے کی فراہمی اور ترتیب ، اسلوب نگارش کی چاشنی ، زبان میں دسترس ، محاورہ پر گرفت نے اس کتاب کی علمی اور تحقیقی حیثیت کو اور بھی نمایاں کر دیا ہے “۔
 یہ شاہکار کتاب چھ سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے اور اسے ایک عام قاری کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے انتہائی سلیس زبان میں قلمبند کیا گیا۔اس کا مطالعہ ہر ایک کے لئے انتہائی مفید ہے۔ الرحیق المختوم کا اردو ترجمہ مکتبہ سلفیہ شیش محل روڈ لاہور نے شائع کیا ۔

Comments