بلی کاوش نمبر 9

انعامی مقابلہ نمبر5
کاوش نمبر: 9
===========
موضوع: بلی

ایک چینی دانا کا قول ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بلی سیاہ ہے یا سفید۔ دیکھنا یہ چاہیے کہ وہ چوہے پکڑ سکتی ہے یا نہیں۔علم الحیوانات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بلی ایک گوشت خور ممالیہ جانور ہے۔ جس کوعربی میں "سنور" فارسی میں "گربہ" انگریزی میں "Catکیٹ"کہتے ہیں۔ مجموعی اعتبار سے بلیوں کی تین بڑی شاخیں ہیں :1۔ فطرت کے موافق جنگلی بلیاں، 2۔ گھریلو یا پالتو بلیاں، 3۔ آوارہ بلیاں۔ معاف کیجیے ! آوارہ بلیوں سے آپ یہ نہ سمجھیں کہ یہ بلیاں دھندا کرنے والی یاطوائف قسم کی بلیاں ہوتی ہوں گی ، بلکہ آوارہ بلیوں سے میری مراد وہ بلیاں ہیں جو نہ تو مستقل طور پر انسانی آبادی میں رہتی ہیں اور نہ ہی جنگل میں ، بلکہ جہاں ان کو کھانے پینے کا وافر سامان مہیا ہوجائے وہی ان کا مسکن ہوتا ہے ، ایک طرح سے ان کو آزاد منش بلیاں بھی کہہ سکتے ہیں ۔

حیوانی محقیقین نے سینکڑوں کی تعداد میں بلیوں کے قبیلے بتائے ہیں اور اس سے کئی گنا زیادہ ان کے خاندان بتائے ہیں ۔ جانوروں کے بارے میں ایک بات بڑی مشہور ہے کہ ان کے اپنے اپنے علاقے ہوتے ہیں ، کہیں کوئی گھس بیٹھیاان کے علاقہ میں نظر آیا تو ہر طرف سے اس علاقہ کے رہائشی جانور اس گھس بیٹھیے کا استقبال کرنے پہنچ جاتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہوجاتا ہے ۔ انسان عموما ایسی صورت حال کو قابل التفات نہیں سمجھتے جب تک ان کی روز مرہ زندگی میں خلل واقع نہ ہو، خیر بات بلی کی چلی رہی تھی ۔ تو بلی سماج میں بھی علاقہ کی تقسیم لازمی بات ہے، بلکہ بلی اور کتے کے سماج میں تو دیسی اور بدیسی کی بھی ایک تقسیم پائی جاتی ہے۔

دیسی بلیوں کارہن سہن ویسا ہی ہوتاہے، جیسے ہم دیسی لوگوں کا رہن سہن ہوتا ہے۔ جب کہ بدیسی بلیوں کے رہن سہن میں فرنگیانہ رنگ نمایاں ہوتا ہے۔ ان کے اٹھنے بیٹھنے، کھیلنے کودنے، کھانے پینے اور دیگر عادات و اطوار میں انگریزی بود وباش ہوتی ہے ۔ بدیسی بلی جانتی ہے کہ اس نے کب سونا ہے اور کب اٹھنا ہے ؟کب واک کے لیے اپنے مالک کے ساتھ جانا ہے ؟کب کہاں اورکتنا کھانا کھانا ہے؟ٹی وی دیکھنے کے آداب کیا ہیں؟ محفل میں جانے اور وہاں پر رہنے کے آداب کیا ہیں ؟کب بولنا ہے اور کتنی دیر بولنا ہے؟ وغیر ہ وغیرہ..........

یہ وہی جانور ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ نسلی درندہ ہونے کے باوجود انسان کے بہت قریب رہتا ہے ۔ جب کہ اس کی نسل کے اکثر جانور بلکہ خود بلی کی بہت سی اقسام کا انسانوں کے ساتھ چھتیس کا آنکڑا ہے۔ بلی کے علاوہ کچھ اور درندہ صفت جانور بھی انسان کے قریب رہنے میں ہی اپنی عافیت سمجھتے ہیں، ان میں سے ایک کو کتا اور دوسرے کو چوہا کہا جاتا ہے ۔ ہم آج تک اس بات کو نہیں سمجھ پائے کہ یہ تینوں جانور انسان کے قریب رہ کر ایک دوسرے کے جانی دشمن کیوں بنے رہتے ہیں۔

Comments